منگلورو 23؍جولائی (ایس او نیوز)دو دن پہلے مبینہ طور پر پولیس سب انسپکٹر کو اپنی کار کے نچے کچل کر ہلاک کرنے کی کوشش کرنے والی مجرموں کی ٹولی میں سے2 ملزمین پولیس کے ہتّھے چڑھ گئے ہیں۔
تفصیل یہ بتائی جاتی ہے کہ کسبا بینگرے دیہات میں پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر پوریندرا گوڈا اور ہیڈکانسٹیبل ستیش عادی مجرموں کی ایک ٹولی کو گرفتار کرنے کے لئے پہنچے تھے۔ جب مذکورہ مجرموں کو سرینڈر ہونے کے لئے کہا گیا تو چار مجرموں کی اس ٹولی نے اپنی کار سے اے ایس آئی کو روندنے کی کوشش کی اور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے ان مجرموں کی تلاشی مہم چلا رکھی تھی۔اسی سلسلے میں پنمبور میں رات کے وقت گاڑیوں کی تلاشی کے دوران دو مشکوک موٹر بائک سوار وں نے پولیس کو دیکھ کر اپنی رفتار تیز کردی اور موقع سے دور بھاگنے کی کوشش کی تو سرکل انسپکٹر رفیق اور ان کی ٹیم نے پیچھا کرکے ان دو ملزمین کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت حارث عرف چندو حارث(26سال) اورمحی الدین عادل (20سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق سب انسپکٹر پر گاڑی دوڑانے کی کوشش کے معاملے میں حارث کلیدی ملزم ہے۔ ملزمین کے پاس سے حملے کے لئے استعمال کی گئی کار کے علاوہ چوری کی گئی 7موٹر بائکس اور 25ہزار روپے مالیت کا گانجہ بھی ضبط کیا گیا ہے۔دونوں ملزمین کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ ان پراس سے قبل مختلف پولیس اسٹیشنوں میں 20سے زیادہ مقدمات دائر کیے جاچکے ہیں جن میں 7معاملات میں ان کی رہائی ہوئی ہے۔ بقیہ معاملات تفتیش اور عدالت میں شنوائی کے مرحلے میں ہیں۔ان مقدمات کے تعلق سے عدالت میں غیر حاضر رہنے کی وجہ سے ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ بھی جاری ہوچکا ہے۔